ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آنے والے تہواروں میں ہجوم کوروکنے کویقینی بنائیں، مرکزی وزارت داخلہ نے ہدایت جاری کی ،رہنماخطوط کی میعادمیں 30ستمبرتک توسیع

آنے والے تہواروں میں ہجوم کوروکنے کویقینی بنائیں، مرکزی وزارت داخلہ نے ہدایت جاری کی ،رہنماخطوط کی میعادمیں 30ستمبرتک توسیع

Sat, 28 Aug 2021 21:12:39    S.O. News Service

نئی دہلی28اگست(آئی این ایس انڈیا) مرکزنے ہفتہ کوتمام ریاستوں اورمرکزکے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آنے والے تہواروں کے موسم میں کوئی بڑا ہجوم جمع نہ ہو اور اگر ضرورت ہو تو مقامی حکام سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندی کی بھی اپیل ہے۔مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلانے کووڈ 19 کے رہنما خطوط کو مزید ایک ماہ کے لیے 30 ستمبر تک بڑھا دیا ہے اور کہاہے کہ مجموعی طور پر عالمی وبائی صورتحال قومی سطح پر کافی حد تک مستحکم دکھائی دیتی ہے ، سوائے کچھ ریاستوں میں مقامی پھیلاؤ کے۔انہوں نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اسی طرح کے رہنماخطوط میں کہا ہے کہ زیر علاج مریضوں کی تعداد اور کچھ اضلاع میں انفیکشن کی بلند شرح تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

خط میں انہوں نے کہاہے کہ متعلقہ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ، اپنے اضلاع میں انفیکشن کی زیادہ شرح کو دیکھتے ہوئے ، احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ کیسزمیںاضافے کو مؤثر طریقے سے روکاجا سکے اور پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔یہ ممکن ہے کہ ممکنہ اضافے کے انتباہی نشانات کو پہچان لیا جائے اور پھیلاؤپرقابو پانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ اس کے لیے مقامی نقطہ نظر کی ضرورت ہوگی، جیسا کہ 25 اپریل اور 28 جون کو وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی ایڈوائزری میں ذکر کیا گیا ہے۔

سیکریٹری داخلہ نے انہیں مشورہ دیاہے کہ وہ آئندہ تہواروں کے موسم میں بڑے اجتماعات سے بچنے کے لیے مناسب اقدامات کریں اور اگر ضرورت ہو تو اس طرح کے اجتماعات کو روکنے کے لیے مقامی پابندیاں لگائیں۔انہوں نے کہاہے کہ تمام ہجوم والی جگہوں پر مناسب طریقوں کو سختی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔سکریٹری نے کہا کہ کووڈ 19 کے مؤثر انتظام کے لیے پانچ نکاتی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے – ٹیسٹنگ – متاثرہ افراد کے رابطوں کی شناخت – علاج – حفاظتی ٹیکے لگانا اور کوویڈ مناسب رویے پرعمل پیرا ہونا۔


Share: